Get Alerts

امریکی جنرل مائیکل کوریلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا

امریکی جنرل مائیکل کوریلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا

راولپنڈی: یونائیٹڈ اسٹیٹس سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو پاک امریکا دفاعی تعلقات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ اعلیٰ اعزاز صدر آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں جنرل کوریلا کو عطا کیا۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے جنرل کوریلا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ جنرل کوریلا کو یہ اعزاز پاک-امریکا عسکری شراکت داری کو مضبوط بنانے، انسدادِ دہشت گردی کے تعاون کو وسعت دینے اور علاقائی سلامتی کے قیام کے لیے ان کی قابلِ قدر کاوشوں پر دیا گیا۔ جنرل کوریلا کی قیادت نے باہمی اعتماد اور دفاعی ہم آہنگی کو مزید تقویت دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل کوریلا کی خدمات نہ صرف دو طرفہ عسکری روابط کو وسعت دینے کا ذریعہ بنیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی ان کی کوششیں قابلِ تحسین رہیں۔

یہ اعزاز پاکستان کی جانب سے جنرل کوریلا کی غیر متزلزل حمایت اور مضبوط وابستگی کے اعتراف کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو دوطرفہ تذویراتی تعاون میں گہرائی اور دیرپا شراکت داری کی علامت ہے۔

اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران، جنرل کوریلا نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی اور عالمی سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ٹیگز: