لاہور:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے تازہ موسمی صورتحال جاری کرتے ہوئے متعدد شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرمی اور خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی اور پہاڑی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات اور علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی جزوی ابر آلود موسم، تیز ہوائیں اور چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔ ادھر اندرونِ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔