زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہلو سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 18 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ادارے کے مطابق زلزلے کے جغرافیائی نقاط 30.40 درجے شمالی عرض بلد اور 69.68 درجے مشرقی طول بلد پر واقع تھے۔
زلزلے کے فوراً بعد شہری کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ چار روز قبل بھی اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں، جن میں سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، مردان، خیبر اور جمرود شامل ہیں، میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس وقت زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس کی گہرائی 215 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ قرار دیا گیا تھا۔