Get Alerts

گوگل نے کروم موبائل براؤزر کے لیے جدید آٹوفل فیچر متعارف کرا دیا

گوگل نے کروم موبائل براؤزر کے لیے جدید آٹوفل فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: گوکل نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے کروم ویب براؤزر میں ایک جدید آٹوفل فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد موبائل ڈیوائسز پر آن لائن فارم بھرنے کے عمل کو مزید تیز، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔


کمپنی کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین فلائٹس کی بکنگ، آن لائن رجسٹریشن اور دیگر ویب فارم کم وقت میں مکمل کر سکیں گے، کیونکہ کروم اب ضروری معلومات خودکار انداز میں فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔


اس سہولت کے لیے گوگل والٹ کو کروم براؤزر کے ساتھ مزید مربوط کیا جا رہا ہے، تاکہ براؤزر براہِ راست گوگل والٹ میں محفوظ معلومات حاصل کرکے فارم خود بخود مکمل کر سکے۔


نئے فیچر کے تحت ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ، ممبرشپ یا دیگر شناختی نمبرز جیسی معلومات بھی استعمال کی جا سکیں گی، جس سے صارفین کو ہر بار یہ تفصیلات دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔


گوگل کا کہنا ہے کہ اگر کسی صارف کی مطلوبہ معلومات پہلے سے گوگل والٹ میں موجود نہ ہوں تو انہیں آسانی سے شامل کیا جا سکے گا، جبکہ کروم اس مقصد کے لیے متعلقہ آپشن بھی فراہم کرے گا۔


کمپنی کے مطابق اس اپ ڈیٹ سے نہ صرف ڈیسک ٹاپ بلکہ موبائل ڈیوائسز پر بھی آٹوفل کا تجربہ پہلے سے زیادہ بہتر اور سہل ہو جائے گا۔


گوگل نے واضح کیا ہے کہ صارفین کی ذاتی معلومات پر ان کا مکمل اختیار برقرار رہے گا اور کوئی بھی ڈیٹا صرف صارف کی اجازت سے ہی محفوظ یا استعمال کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ حساس معلومات کو جدید انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا تاکہ غیر متعلقہ افراد اس تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔


صارفین کسی بھی وقت اپنی محفوظ کردہ معلومات کا جائزہ لینے، ان میں ترمیم کرنے یا انہیں اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔

ٹیگز: