نیویارک : امریکی انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے گوگل کا مشہور کروم براؤزر خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی محکمہ انصاف گوگل پر آن لائن سرچ مارکیٹ میں اجارہ داری کا الزام لگا کر اسے اپنا براؤزر فروخت کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
چند ماہ قبل محکمہ انصاف نے وفاقی عدالت میں تجویز دی تھی کہ گوگل کو کروم براؤزر بیچ دینا چاہیے تاکہ آن لائن مارکیٹ میں مقابلہ بحال کیا جا سکے۔ اب، ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یاہو کے مالک کی جانب سے اس ممکنہ خریداری کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
برائن پرووسٹ جو کہ یاہو سرچ کے جنرل منیجر ہیں نے حالیہ گوگل ٹرائل کے دوران واشنگٹن میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالت نے گوگل کو کروم براؤزر فروخت کرنے پر مجبور کیا، تو ان کی کمپنی اس کے لیے بولی دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ براؤزر کی متوقع قیمت 10 ارب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے، اور یہ ویب پر ایک انتہائی اہم اسٹریٹجک اثاثہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یاہو، Apollo Global کے ساتھ مل کر یہ خریداری کرنے کی پوزیشن میں ہو گا۔ یاد رہے، یاہو کبھی گوگل سے بھی زیادہ مقبول سرچ انجن تھا، تاہم وقت کے ساتھ پیچھے رہ گیا۔ 2021 میں Apollo Global نے یاہو کو Verizon سے خرید کر اس کی نئی سمت متعین کرنے کی کوشش کی۔اگر گوگل واقعی کروم براؤزر فروخت کرنے پر مجبور ہوتا ہے، تو یہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک تاریخی تبدیلی ثابت ہو سکتی ہے۔