Get Alerts

پائیدار امن کے لیے امن سازی ناگزیر ہے، پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں مؤقف

پائیدار امن کے لیے امن سازی ناگزیر ہے، پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں مؤقف

اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ صرف امن مشنز (Peacekeeping) کے ذریعے پائیدار امن قائم نہیں رکھا جا سکتا، اس کے لیے مؤثر امن سازی (Peacebuilding) کی کوششیں ناگزیر ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امن سازی اور پائیدار امن سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن مشنز سے امن سازی اور پھر قومی سطح پر ترقیاتی اقدامات تک ہموار منتقلی ہی دیرپا استحکام کی ضمانت بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لیے مضبوط سیاسی عزم، مناسب مالی و تکنیکی وسائل اور عالمی برادری کی مربوط معاونت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "امن سازی کے بغیر امن مشنز دیرپا امن قائم نہیں رکھ سکتے۔"

انہوں نے یاد دلایا کہ پیس بلڈنگ کمیشن کے قیام کو بیس برس مکمل ہو چکے ہیں، جس نے تنازعات سے متاثرہ ممالک میں امن کے استحکام اور دوبارہ تشدد کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاہم موجودہ عالمی حالات نئے اور پیچیدہ چیلنجز لے کر آئے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ دنیا کو اس وقت امن مشنز اور امن سازی دونوں کے لیے وسائل کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث پائیدار امن کے قیام کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال کا جامع انداز میں جائزہ لے اور اجتماعی عزم کے ساتھ امن سازی کے اہداف کے حصول کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے لیے غربت، عدم مساوات اور گورننس سے متعلق مسائل سمیت تنازعات کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

پاکستانی مندوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازعات کی روک تھام، امن سازی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے تحت کثیرالجہتی تعاون کی حمایت جاری رکھے گا۔

ٹیگز: