Get Alerts

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا اعلان

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا اعلان

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل اصلاحاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت شہریوں کو تیز، شفاف اور سہل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیا پاسپورٹ موبائل ایپ شہریوں کو آن لائن درخواست جمع کرانے، تجدید کرنے، درخواست کی صورتحال جانچنے اور دیگر ضروری خدمات موبائل فون کے ذریعے حاصل کرنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ جلد ہی ہوم ڈلیوری سروس شروع کرنے پر بھی کام کر رہا ہے جس کے تحت شہری اپنے پاسپورٹس گھر کی دہلیز پر وصول کر سکیں گے، یوں دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

ڈی جی کے مطابق QR کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ مالی لین دین کو محفوظ، شفاف اور تیز تر بنایا جا سکے اور درمیان میں ملوث عناصر یا غیر قانونی طریقوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد پاسپورٹ سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور عوامی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔

محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایسا نظام قائم کیا جائے جو مؤثر، شفاف اور شہری دوست ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان اصلاحات کا مقصد ایک ایسا پاسپورٹ سسٹم تشکیل دینا ہے جہاں بدعنوانی، غیر ضروری مداخلت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہ ہو اور ہر شہری کو منصفانہ اور محفوظ خدمات میسر آئیں۔

ٹیگز: