Get Alerts

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ، جدید مانیٹرنگ سسٹم "شکرا" کا افتتاح

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ، جدید مانیٹرنگ سسٹم

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹس کی درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام "شکرا" (سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بینڈ ریسپانس انالیٹکس) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

وزیر داخلہ کو اس جدید نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ "شکرا" سسٹم کے تحت 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر فعال کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے اس جدید مانیٹرنگ سسٹم کی کامیاب متعارف کرانے پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ سسٹم اب دنیا کے بہترین ممالک کے معیار کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نئے نظام کے تحت پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ان کی ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گی، جس سے پاسپورٹ کی درخواست سے لے کر اس کی ڈیلیوری تک ہر مرحلے کی نگرانی کی جا سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم کی بدولت محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور پاکستانی پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز کو بین الاقوامی معیار، یعنی آئی سی اے او سٹینڈرڈز، کے مطابق بنایا گیا ہے۔ جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں کے استعمال سے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے اور پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل میں انسانی مداخلت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سنٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزمرہ آپریشنز اور تمام عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی، بیک لاگ اور مشینری سٹیٹس کی نگرانی بھی ممکن ہو گی۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ٹیگز: