Get Alerts

موبائل خریدنے والوں کے لیے اہم خبر، پی ٹی اے اسٹیٹس چیک کرنے کا آسان طریقہ جاری

موبائل خریدنے والوں کے لیے اہم خبر، پی ٹی اے اسٹیٹس چیک کرنے کا آسان طریقہ جاری

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیا یا استعمال شدہ موبائل فون خریدنے سے پہلے اس بات کی لازمی تصدیق کریں کہ ڈیوائس منظور شدہ اور باقاعدہ رجسٹرڈ ہے، تاکہ بعد ازاں سروس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدامات ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے تحت کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ملک میں غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ اور کلون شدہ موبائل فونز کے استعمال کو روکنا ہے۔ اس نظام کے تحت ایسے موبائل فونز جن کے IMEI نمبر تصدیق شدہ نہیں ہوتے، انہیں بلاک کر دیا جاتا ہے۔

اتھارٹی نے موبائل فون کی PTA اسٹیٹس چیک کرنے کے لیے شہریوں کو مختلف طریقے بھی بتائے ہیں، جن میں موبائل پر *#06# ڈائل کر کے 15 ہندسوں پر مشتمل IMEI نمبر حاصل کرنا، فون باکس اور ہینڈ سیٹ کے IMEI نمبرز کا موازنہ کرنا، PTA کی CMS یا DIRBS موبائل ایپ کے ذریعے معلومات حاصل کرنا اور 15 ہندسوں کا IMEI نمبر 8484 پر ایس ایم ایس کرنا شامل ہے۔

پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ موبائل فونز کے IMEI نمبرز میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تبدیلی، ری پروگرامنگ یا چھیڑ چھاڑ پیکا ایکٹ 2016 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے، جس پر تین سال تک قید، 10 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ موبائل فونز ہی خریدیں تاکہ بلا تعطل اور محفوظ موبائل سروسز سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

ٹیگز: