تہران:ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو سخت ترین وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی سرزمین یا اس کے جزائر پر حملے نہ روکے گئے تو وہ عالمی تجارت کی شہ رگ ’آبنائے باب المندب‘ کو مکمل طور پر بند کر دے گا۔ تہران نے واشنگٹن کی جانب سے بھیجی گئی جنگ بندی کی تجویز کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
ایرانی عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں دشمن کو نقصان پہنچانے کے لیے ایک نیا محاذ کھولا جا سکتا ہے۔ آبنائے باب المندب، جو بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے، یورپ اور امریکہ کے لیے اہم ترین بحری گزرگاہ ہے۔ اس کی بندش سے عالمی معیشت اور تیل کی ترسیل کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔