اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عازمینِ حج کی روانگی کا سلسلہ 18 اپریل سے شروع ہوگا۔ دوسری جانب عازمین کی صحت کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین کو حجازِ مقدس پہنچانے کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ حج پروازوں کا باقاعدہ آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے سرکاری اسکیم کے عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
پاکستان کے مختلف بڑے شہروں سے عازمین کی براہِ راست روانگی ہوگی۔وزارت نے عازمینِ حج کے لیے پاک حج ایپ (Pak Hajj App) پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ طبی سوالنامہ ہر صورت جمعہ تک مکمل کرنا ہوگا۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ایپ پر موجود سوالنامے میں مختلف امراض کے بارے میں صرف "ہاں" یا "ناں" میں جواب دینا ہوگا۔ یہ طبی ڈیٹا عازمین کو دورانِ حج بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا