Get Alerts

پی ایس ایل 11 کا آغاز: لاہور قلندرز کی فاتحانہ شروعات، حیدرآباد کنگزمین کو پہلے ہی میچ میں شکست

پی ایس ایل 11 کا آغاز: لاہور قلندرز کی فاتحانہ شروعات، حیدرآباد کنگزمین کو پہلے ہی میچ میں شکست

لاہور:پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کا میلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سج گیا، جہاں افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے لیگ کی نووارد ٹیم حیدرآباد کنگزمین کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ اوپنر فخر زمان نے شاندار نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ محمد نعیم نے 30 اور سکندر رضا نے 24 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ خان 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں حیدرآباد کنگزمین کو 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
حیدرآباد کی جانب سے ریلی میریڈیتھ اور حسن خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھاری ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔ اوپنر عثمان خان 9 اور صائم ایوب 17 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مارنس لبوشانے 26 رنز بنا کر مزاحمت کرنے والے واحد نمایاں بلے باز رہے، تاہم وہ بھی سکندر رضا کا شکار بن گئے۔ لاہور قلندرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے حیدرآباد کا کوئی بھی کھلاڑی ٹک کر نہ کھیل سکا۔
خطے میں جاری کشیدگی اور توانائی کے بحران کے پیشِ نظر، حکومت کی توانائی بچت پالیسی کے تحت پی ایس ایل کے میچز فی الحال تماشائیوں کے بغیر کھیلے جا رہے ہیں۔ اسی وجہ سے افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی تھی اور ایونٹ کو صرف لاہور اور کراچی تک محدود رکھا گیا ہے۔ شائقینِ کرکٹ اسٹیڈیم جانے کے بجائے ٹی وی اور موبائل اسکرینز پر میچز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ٹیگز: