ڈھاکا : بنگلادیش نے بھارت کی سرکاری شپ بلڈنگ کمپنی گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینیئرز لمیٹڈ (GRSE) کے ساتھ کیا گیا 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مالیت کا دفاعی معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ معاہدہ گزشتہ سال جولائی 2024 میں طے پایا تھا جس کے تحت بنگلادیشی بحریہ کے لیے ایک جدید ٹگ بوٹ تیار کی جانی تھی۔
منسوخی کی تصدیق خود GRSE نے 21 مئی 2025 کو بھارتی سٹاک ایکسچینج میں فائلنگ کے ذریعے کی۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ بنگلادیشی حکومت کے ساتھ باہمی گفت و شنید کے بعد کیا گیا اور یہ منسوخی "متوقع" تھی۔
اگرچہ بنگلادیش کی جانب سے باضابطہ طور پر اس فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس میں مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں بنگلادیشی مصنوعات پر عائد کی جانے والی درآمدی پابندیوں کا ردعمل ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ دفاعی معاہدہ اس وقت طے پایا تھا جب بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دینیش کے تریپاٹھی نے جولائی 2024 میں بنگلادیش کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا تھا۔