Get Alerts

آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کا عندیہ، افواج پاکستان کی مدد حکومت کی ترجیح ہے: وزیر خزانہ

آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کا عندیہ، افواج پاکستان کی مدد حکومت کی ترجیح ہے: وزیر خزانہ

اسلام آباد:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، کیونکہ یہ صرف فوج کی نہیں بلکہ پورے ملک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الوقت سول و ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بھارت نے آئی ایم ایف بورڈ میں پاکستان کا قرض پروگرام متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کا کیس مکمل میرٹ پر سنا گیا اور ہمیں آئی ایم ایف کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ مکمل ہو چکا ہے اور رواں ہفتے ورچوئل مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے قرض پروگرام کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے ہیں، اگر ایسا نہ ہوتا تو مشکلات پیدا ہو سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ کو محض آمدن و اخراجات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے ایک واضح اور جامع اقتصادی حکمت عملی کا عکس بنایا جائے۔ ان کے مطابق آئندہ بجٹ ملکی معیشت کے لیے اسٹریٹجک سمت متعین کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے اور ٹیکس دہندگان کے لیے نظام کو سہل بنانے پر کام جاری ہے، جب کہ پنشن اصلاحات پر بھی پیشرفت ہو رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایف بی آر میں انسانی مداخلت کم ہونے سے شفافیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی برادری پاکستان کی اقتصادی بحالی اور میکرو اکنامک استحکام کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ملکی معیشت کا حجم 400 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جب کہ شرح سود میں کمی کے باعث کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں کی اصلاح اور نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے۔ وزیر خزانہ نے نجی شعبے کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی۔

ٹیگز: