اسلام آباد / کویت سٹی:کویت نے تقریباً دو دہائیوں بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پابندی ختم کر دی ہے۔ اب پاکستانی شہریوں کو دوبارہ ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔
وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن مصطفیٰ ملک کے مطابق کویتی حکومت کے اس فیصلے سے ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار، کاروبار اور سیاحت کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ تمام ویزے جدید آن لائن نظام کے تحت حاصل کیے جا سکیں گے، جس سے درخواست کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔
مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ دیگر عرب ممالک بھی پاکستانی ہنرمندوں کی خدمات حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں، اور جلد اس حوالے سے مزید مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
کویتی حکومت کا یہ فیصلہ طویل انتظار کے بعد پاکستانی تارکین وطن کے لیے ایک بڑی خوشخبری کے طور پر سامنے آیا ہے، جس سے خلیجی ملک میں کام کرنے اور بہتر معاشی مواقع حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔