لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے موبائل ایپ بنانے اور اینٹی بیگر ایکٹ کے تحت سخت اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
انسداد بھکاری مافیا کیس کی سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے عدالت میں رپورٹ پیش کی، جسے عدالت نے ناقص قرار دیتے ہوئے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ بھکاریوں کے لیے بنائے گئے فلاحی مراکز کو فعال کیا جائے اور بچوں کو بھیک منگوانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ بھکاری مافیا کے خلاف شکایات کے لیے ایک موبائل ایپ تیار کی جائے تاکہ عوام اپنی شکایات آسانی سے درج کرا سکیں اور انتظامیہ فوری کارروائی کر سکے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت تین ماہ کے لیے ملتوی کرتے ہوئے اس دوران مکمل اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔