کراچی:کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل میں ایک تاجر کے گھر تین گھریلو ملازماؤں نے بغیر شناختی تصدیق کے کام شروع کیا، جس کے بعد انہوں نے 98 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور نقدی چوری کر کے فرار ہو گئیں۔
متاثرہ تاجر نے تھانہ شاہراہ فیصل میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ تاجر کے مطابق، پرانی ملازمائیں شادی کے بعد کام چھوڑ چکی تھیں، جس کے بعد نئی ملازماؤں کی تلاش جاری تھی۔ اس دوران تین خواتین گھر آئیں اور ملازمت کی درخواست دی۔
تاجر کے بقول، ان کی اہلیہ نے شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال کیے بغیر انہیں کام پر رکھ لیا۔ تینوں خواتین نے گھر کے کمرے کو اندر سے بند کر کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے قیام کے دوران چابیاں استعمال کرتے ہوئے سونا اور نقدی چوری کی۔
چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں خواتین کو گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔