Get Alerts

پاکستان ایران کے پُرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان ایران کے پُرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

تہران :وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے پُرامن مقاصد کے لیے ایٹمی پروگرام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران کو ہم اپنا "دوسرا گھر" سمجھتے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور دینی تعلقات انتہائی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ایرانی صدر سے ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر، پانی کے تنازعے اور دیگر اختلافات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ تجارت اور انسداد دہشت گردی جیسے اہم امور پر بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن اگر بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا تو پاکستان اپنے مادر وطن کا دفاع کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں اپنی افواج کی بہادری اور عوام کی بے مثال حمایت کی بدولت صورتحال پر قابو پایا، اور اب بھی پاکستان کی اولین ترجیح امن کا قیام ہے۔

وزیراعظم نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 50 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ فوری جنگ بندی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی فلسطین پر مشترکہ مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف تمام اسلامی ممالک کو متحد ہو کر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی طویل سرحدوں پر دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں دیرپا امن، ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور پائیدار ترقی کو اپنی مشترکہ پالیسی قرار دیا۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ایران کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ روابط مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد تہران پہنچے، جہاں ایرانی صدر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی حمایت پر صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیگز: