کراچی: گلشن معمار کے علاقے ناردرن بائی پاس کے قریب ایک گھر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ کے نتیجے میں 40 سالہ نور بہادر نامی شخص زخمی ہوگیا، جو بعد ازاں جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول نور بہادر کا تعلق مہمند ایجنسی، خیبر پختونخوا سے تھا۔ وہ چند روز قبل اپنے رشتہ دار وقاص کے گھر فاتحہ کے لیے آیا تھا۔ واقعے کے مطابق، منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً چار بجے پانچ سے چھ مسلح افراد وقاص کے گھر کے مہمان خانے میں داخل ہوئے اور نور بہادر کو جگانے کے لیے اس کے رشتہ دار کو اسلحہ کے زور پر مجبور کیا۔ جیسے ہی نور بہادر جاگے، مسلح افراد نے فائرنگ کر کے انہیں گولیاں مار دیں اور وہاں سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران اس واقعہ کو ذاتی رنجش کا نتیجہ قرار دیا ہے، جبکہ مقتول کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ 15 سے زائد مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کر مزاحمت کرنے پر فائرنگ کی۔
مقتول کے رشتہ داروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے کے بعد انہوں نے پولیس کو مدد کے لیے 15 پر کال کی، تاہم پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی اور نہ ہی صبح 8 بجے تک اسپتال پہنچی۔
مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے بعد مہمند ایجنسی منتقل کر دی گئی۔ پولیس اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔