محکمہ خزانہ کی گاڑی سے 20 لاکھ سکے چوری

محکمہ خزانہ کی گاڑی سے 20 لاکھ سکے چوری
سورس: File

 فلاڈیلفیا : امریکہ کی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں امریکی محکمہ خزانہ کے ٹرک سے 20 لاکھ سکے چوری ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چوری کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محکمہ خزانہ کے سکوں کے بیورو (یو ایس منٹ) کے ایک ڈرائیور نے میامی جاتے ہوئے اپنے ٹرک کو کچھ دیر سونے کی غرض سے ایک پارکنگ ایریا میں کھڑا کیا تھا۔ 

ٹرک میں لگ بھگ ساڑھے سات لاکھ ڈالرز کے سکے موجود تھے جس کے بارے میں حکام کا کہنا تھا کہ رواں برس 13 اپریل کو جب یہ ٹرک پارکنگ ایریا میں کھڑا تھا تو چور اس میں موجود سکوں سے کچھ حصہ چوری کرکے لے گئے تھے۔

 حکام نے محکمہ خزانہ سے چوری ہونے والے سکوں کے حوالے سے  تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سکوں کی چوری کے بعد ان میں سے ہزاروں سکوں کو میری لینڈ میں سکوں کی مشین میں نوٹوں میں تبدیل کیا گیا جبکہ فلاڈیلفیا کے نواحی علاقوں کے کم از کم چار بینکوں میں بھی سکے جمع کرائے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ان سکوں میں سے ہزاروں سکے شمال مشرقی فلاڈیلفیا میں مختلف مقامات سے ملے تھے۔

امریکی حکام نے بتایا کہ چور 20 لاکھ ڈائمز  (ایک ڈالر کے 10ویں حصے یعنی 10 سینٹ کے برابر)لے گئے تھے جن کی مالیت دو لاکھ 34 ہزار 500 ڈالرز بنتی ہے۔

سرکاری رقم کے چوری ہونے کے حوالے ملزمان پر جمعے (20اکتوبر) کو فرد جرم عائد کیا گیا۔ فلاڈیلفیا کے حکام کا کہنا ہے کہ چار افراد ڈکیتی اور سرکاری رقم چوری کرنے کی سازش کے ساتھ ساتھ مختلف الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان ملزمان کی عمریں 25 سے 32 برس کے درمیان ہیں۔

مصنف کے بارے میں