قائداعظم ٹرافی کراچی ریجن کے نام ، سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار

 قائداعظم ٹرافی کراچی ریجن کے نام ، سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار

لاہور: قائداعظم ٹرافی کراچی ریجن کے نام رہی ، سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیے گئے۔  کراچی ریجن وائٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں قائداعظم ٹرافی 24-2023 جیت لی۔کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر697 رنز سکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 1 اسٹمپڈ اور 27 کیچز پکڑے۔ 
کراچی وائٹس کے صائم ایوب فائنل کے بہترین کرکٹر قرار پائے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری ( 203) اور دوسری اننگز میں سنچری (109) سکور کی۔


قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے  سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دیدی۔ کراچی ریجن وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 790 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے پانچویں اور آخری دن فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیتنے کے لیے مزید 661 رنز درکار تھے۔ کپتان فہیم اشرف اور علی سفند اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ علی اسفند 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
 فہیم اشرف  نے بھی  مزاحمت جاری رکھی۔ انہوں نے ارشد اقبال کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ ارشد اقبال دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف اور محمد علی کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنے جس میں محمد علی کا حصہ چار چوکوں کی مدد سے 24 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔
فہیم اشرف نے  147 رنز سکور کیے جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی چوتھی سنچری اور بہترین انفرادی سکور بھی ہے۔ کراچی وائٹس کی جانب سے غلام مدثر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

مصنف کے بارے میں