Get Alerts

سربراہ پاک بحریہ کا کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کا دورہ

سربراہ پاک بحریہ کا کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کا دورہ

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ اپنے سمندری سرحدوں کا دفاع کرنا جانتی ہے، اور سرکریک سے جیوانی تک کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے دورے کے دوران آپریشنل اور جنگی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سمندری حدود کا تحفظ نہ صرف عسکری ضرورت ہے بلکہ یہ قومی خودمختاری، معاشی خوشحالی اور استحکام کے لیے بھی ضروری ہے۔

اس موقع پر پاک بحریہ کی جدید دفاعی صلاحیتوں کا بھی اظہار کیا گیا، جب 2400 ٹی ڈی ہوورکرافٹ باضابطہ طور پر پاک میرینز میں شامل کر لیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ جدید ہوورکرافٹ مختلف ماحول میں مؤثر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور زمین اور سمندر پر بیک وقت کارروائی کرنے کی منفرد صلاحیت سے لیس ہیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدید پلیٹ فارمز سمندری سرحدوں کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ بحرِ ہند میں امن و استحکام کی ضامن ہے اور اس کی دفاعی صلاحیتیں ساحلوں سے سمندر تک ہمارے غیرمتزلزل حوصلے کی مانند مضبوط ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاک بحریہ ہر طرح کی جغرافیائی صورتحال میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہے اور ہمیں اپنے سمندری راستوں اور میری ٹائم سکیورٹی کا تحفظ انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

پاک بحریہ کی یہ نئی دفاعی صلاحیتیں اور جدید ہوورکرافٹ کی شمولیت اس بات کا غماز ہیں کہ پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع ہمیشہ مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ٹیگز: