اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 21 نومبر 2025 سے لاہور کے مینارِ پاکستان سے ملک گیر نظام کی تبدیلی کی تحریک کا آغاز کرے گی، جو 23 نومبر تک جاری رہے گی۔
اسلام آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام "بنو قابل" پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکمران طبقہ ملک پر اپنی اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہے اور عوام کو بنیادی حقوق، یکساں تعلیم اور روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کسی ایک شخص کا نہیں بلکہ ایک "مائنڈ سیٹ" کا ہے جو ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تین روزہ اجتماع میں صرف چہروں کی تبدیلی نہیں بلکہ پورے نظام کی تبدیلی کی تحریک شروع ہوگی اور پوری قوم کو اس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم دولت کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونی چاہیے اور ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی اس تحریک کے دوران ملک بھر میں 30,000 عوامی کمیٹیاں تشکیل دے گی اور عوامی رابطہ مہم چلائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت ممکن ہو سکے۔