عید سے پہلے عوام کو زوردار جھٹکا، بجلی 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مہنگی

عید سے پہلے عوام کو زوردار جھٹکا، بجلی 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مہنگی

لاہور: عیدالفطر کے پرمسرت موقع سے چند روز قبل ہی نئی حکومت نے عوام کو زوردار جھٹکا دیدیا ہے اور بجلی 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جبکہ اس سے صارفین پر 28 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ 

نیپرا حکام کے مطابق مارچ میں مقامی کوئلے، گیس اور ایل این جی سے بجلی کم پیدا کی گئی، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 35 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ 
ایل این جی کی قلت کے باعث 34 کروڑ روپے سے زائد اور بہتر صلاحیت والے پلانٹس نہ چلانے سے 90 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا جبکہ بعض پاور پلانٹس کی بندش سے فرنس آئل والے پلانٹس چلائے گئے۔ 
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق مارچ میں 10 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی پیداواری لاگت 94 ارب روپے رہی جبکہ فرنس آئل سے 22 روپے 52 یسے فی یونٹ میں مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی۔ 
ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 14 روپے 36 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ درخواست کے مطابق 17 روپے35 پیسے فی یونٹ میں ایران سے بجلی درآمد کی گئی اور 27 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نظر ہوئی۔ 

مصنف کے بارے میں