چانگشا : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے دورہ چین کے دوران سندھ حکومت اور ممتاز چینی اداروں کے درمیان تعاون کے تین بڑے معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کا محور کراچی کو پانی کی فراہمی اور زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔
چین کے شہر چانگشا میں منعقدہ تقریب میں کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ اور چینی گروپ 'لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی' کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت سمندری پانی کو میٹھا بنانے (Desalination) کے جدید پلانٹس لگائے جائیں گے تاکہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
زراعت کو جدید بنانے کے لیے بھی ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ اور چینی کمپنی 'لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن' کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کا سمجھوتہ طے پایا ہے۔ ان تمام معاہدوں پر پاکستان کی جانب سے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے دستخط کیے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا بااعتماد معاشی شراکت دار ہے اور ان منصوبوں سے سندھ بالخصوص کراچی میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے پاکستان اپنے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھال سکتا ہے۔