Get Alerts

38 سال بعد پنجاب کے دریاؤں میں اتنے بڑے پیمانے پر پانی آیا، شاہدرہ سے آج رات بڑا ریلہ گزرے گا، ڈی جی پی ڈی ایم اے

 38 سال بعد پنجاب کے دریاؤں میں اتنے بڑے پیمانے پر پانی آیا، شاہدرہ سے آج رات بڑا ریلہ گزرے گا، ڈی جی پی ڈی ایم اے

لاہور: ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں 38 سال بعد اتنے بڑے پیمانے پر پانی آیا ہے اور آج رات شاہدرہ کے مقام سے ایک بڑا سیلابی ریلہ گزرے گا جو ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 72 ہزار کیوسک ہے، جبکہ جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور عوام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے تک دریائے راوی کے قریبی علاقوں میں نہ رہیں۔

عرفان کاٹھیا نے کہا کہ 1988 کے بعد پہلی بار اتنی بڑی مقدار میں پانی دریا میں آیاہے، جس کی وجہ سے دریا کے کنارے مکمل طور پر خالی کرا دیے گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے گنڈاسنگھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک سے زائد ہے اور سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب سے اب تک پنجاب میں جانی نقصان نہیں ہوا اور یہ صورتحال رحیم یار خان سے گزرنے کے بعد پنجاب کے لیے بڑا چیلنج رہے گی۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ انتظامات مکمل ہیں اور کسی بھی قسم کی کمی نہیں ہے۔ سول اور عسکری ادارے سیلاب کی صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں اور دریائے ستلج میں 10 روز سے جاری اونچے درجے کے سیلاب سے سٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

ٹیگز: