Get Alerts

سائنسدانوں کی بڑی پیش رفت، نئی بیٹری صرف 3 منٹ میں مکمل چارج ہوگی

سائنسدانوں کی بڑی پیش رفت، نئی بیٹری صرف 3 منٹ میں مکمل چارج ہوگی

سڈنی :آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے بیٹری ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایک ایسی نئی بیٹری تیار کی ہے جسے مکمل طور پر چارج ہونے میں صرف 3 منٹ لگتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق اس بیٹری کو تقریباً 60 ہزار مرتبہ مکمل چارج کیا جاسکتا ہے، جو موجودہ بیٹری ٹیکنالوجی کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔

یہ تحقیق آسٹریلیا کی فلینڈرز یونیورسٹی کے محققین نے کی ہے، جنہوں نے روایتی لیتھیم آئن ٹیکنالوجی کے بجائے زنک آیوڈین پر مبنی بیٹری تیار کی ہے۔

محققین کے مطابق زنک آیوڈین بیٹری کا ایک اہم فائدہ اس کی طویل عمر اور بہتر حفاظتی خصوصیات ہیں۔ روایتی لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال اور چارجنگ کے دوران حرارت پیدا کرتی ہیں، جس کے باعث وقت کے ساتھ ان کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔

نئی ٹیکنالوجی میں زنک اور آیوڈین کے استعمال سے بیٹری کو زیادہ پائیدار بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اگر کسی بیٹری کو واقعی 60 ہزار مرتبہ مکمل چارج کیا جاسکے تو اس کی نظریاتی عمر موجودہ سمارٹ فون بیٹریوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔

تاہم اس ٹیکنالوجی کو فوری طور پر سمارٹ فونز میں استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ فلینڈرز یونیورسٹی کے محققین کے مطابق بیٹری کو تجارتی سطح پر تیار کرنے اور موبائل ڈیوائسز کے لیے موزوں بنانے سے قبل مزید تحقیق اور بہتری کی ضرورت ہے۔

اگر یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر کامیاب ہوجاتی ہے تو مستقبل میں تیز چارجنگ، طویل بیٹری لائف اور زیادہ محفوظ ڈیوائسز کی تیاری میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

ٹیگز: