اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے ارکان نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر وزیر صحت سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی صحت مہیش کمار ملانی کی سربراہی میں کمیٹی کے ارکان نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور آتشزدگی کے واقعے کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ارکان نے کہا کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ہسپتال میں آگ کس وجہ سے لگی، جبکہ ہسپتال انتظامیہ بھی واقعے کی وجوہات کے بارے میں واضح معلومات فراہم نہیں کرسکی۔
مہیش کمار ملانی نے کہا کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ واقعہ اچانک پیش آیا یا اس کے پیچھے کسی کی نااہلی تھی۔ جس مقام پر نرسری قائم کی گئی تھی، وہاں اس کے قیام پر بھی تحفظات ہیں۔
کمیٹی ارکان کے مطابق ہسپتال عملے اور بچوں کے والدین کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے کسی کے پاس مکمل اور واضح معلومات موجود نہیں۔ بعض افراد نے اے سی سے آگ نکلنے جبکہ بعض نے بجلی کی تاروں کو آگ لگنے کی وجہ قرار دیا۔
چیئرمین کمیٹی نے نرسوں کے بیانات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں ایک ہی بیان دینے کے لیے سمجھایا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں کس کی کوتاہی ہوئی اور کون ذمہ دار ہے، اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ ذمہ دار کوئی بڑا افسر ہو یا چھوٹا، حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔