اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاک سعودی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سعودی وفد نے حکومتی اور کاروباری شخصیات سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ایس آئی ایف سی نے وفد کی ملاقاتوں کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت کاری فراہم کی۔
ملاقاتوں میں توانائی، پٹرولیم، نجکاری، صنعت، مواصلات اور ہائی ویز سمیت مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کیا گیا۔
سعودی وفد نے سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندوں سے جی ٹو جی اور بی ٹو بی تعاون کے تحت سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ مشترکہ منصوبوں اور کاروباری شراکت داری کے مواقع بھی زیرِ بحث آئے۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے ساتھ پاک سعودی دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔