ہمارے شاہینوں نے  بھارتی غرور کا بت پاش پاش کر دیا،فردوس عاشق

 ہمارے شاہینوں نے  بھارتی غرور کا بت پاش پاش کر دیا،فردوس عاشق


اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے کہ  ہماری بہادر اور سربکف افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں  ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں  کہا کہ ہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمارے شاہینوں نے  بھارتی غرور کا بت پاش پاش کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں ہے،پاکستان اپنی خود مختاری، سلامتی اور دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر میں گھسنے کی جوبھی کوشش کرے گا اس کاانجام وہی ہوگا جو 27 فروری 2019 کو بھارتی طیاروں کا ہوا تھا، ہم نے اپنی مرضی اوروقت پر بھارتی نام نہاد اسٹرائیک کا زعم خاک میں ملا دیا۔

انہوں  نے کہا  کہ پاکستان امن کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے اصول کا قائل ہے لیکن جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو 27 فروری کا سرپرائز پھر یاد دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف قوم یک زبان اور سربکف ہے۔