پاکستان میں عالمی وبا کا پھیلاؤ بڑھ گیا، مزید 74 افراد جاں بحق

The spread of the global epidemic in Pakistan increased, 74 more people died
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ملک میں عالمی وبا کا پھیلاؤ ہر روز بڑھتا جا رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق صرف ایک روز میں وبائی مرض میں مبتلا ہو کر مزید 74 افراد قضائے الہٰی سے انتقال کر گئے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11450 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق ملک میں وبائی مرض میں مبتلا فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار 820 ہے۔ چوبیس گھنٹے میں 41 ہزار 285 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے ایک ہزار 563 نئے کیس سامنے آئے۔

آزاد کشمیر میں اس وقت 322، بلوچستان میں 257، گلگت بلتستان میں 20، اسلام آباد میں 1533، خیبر پختونخوا میں 3146، پنجاب میں 10681 اور سندھ میں 17861 ایکٹو مریض موجود ہیں۔

اس وبا سے صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک 4646 اموات سامنے آ چکی ہیں۔ صوبہ سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 3925، خیبر پختونخوا میں 1857، اسلام آباد میں 469، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 193 جبکہ آزاد کشمیر میں 258 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 7 لاکھ سے زائد جبکہ اس مرض کو شکست دے کر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7 کروڑ 27 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

برازیل میں مزید ایک ہزار 206 اموات سے تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 918، بھارت میں مزید 100 اموات سے تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 724، میکسیکو میں مزید 659 اموات سے تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 273 جبکہ امریکا میں مزید 3 ہزار 893 اموات سے تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 300 ہو گئی ہے۔ عالمی سطح پر اب تک عالمی وبا سے 21 لاکھ 64 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔