Get Alerts

سانحہ گل پلازہ: فاروق ستار کا وزیراعلیٰ، میئر کراچی اور وزیر اطلاعات سے استعفے کا مطالبہ، جوڈیشل کمیشن بنانے پر زور

سانحہ گل پلازہ: فاروق ستار کا وزیراعلیٰ، میئر کراچی اور وزیر اطلاعات سے استعفے کا مطالبہ، جوڈیشل کمیشن بنانے پر زور

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سانحہ گل پلازہ پر حکومتِ سندھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور صوبائی وزیر اطلاعات سے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور شہدا کو انصاف دلا کر رہے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ سے توجہ ہٹانے کے لیے من گھڑت کہانیاں بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعلیٰ اور میئر جان لیں کہ اس معاملے سے اتنی آسانی سے جان نہیں چھوٹے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ  جوڈیشل کمیشن بنانے سے کیوں ڈرا جا رہا ہے؟ کمشنر کراچی کی انکوائری ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔   "18 سال سے سندھ میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں۔
فاروق ستار نے ایم کیو ایم ارکان سے سکیورٹی واپس لینے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ کیا ہمیں اپنی حفاظت کے لیے اسلام آباد کی پولیس کو بلانا پڑے گا؟ انہوں نے خبردار کیا کہ  آپ کراچی کو خود وفاق کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ وفاق آرٹیکل 148 کے تحت کراچی کو اپنے کنٹرول میں لے لے کیونکہ موجودہ حکومت تجارتی طبقے کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
فاروق ستار نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور میئر کراچی آپ کے وہ "نادان دوست" ہیں جنہوں نے 18 سالہ کرپشن کا اتنا بوجھ آپ کے کندھوں پر ڈال دیا ہے کہ کہیں آپ کا سیاسی سفینہ ہی نہ ڈوب جائے۔

ٹیگز: