کورونا وبا، پنجاب حکومت کا آج رات سے 5 اگست تک مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وبا، پنجاب حکومت کا آج رات سے 5 اگست تک مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ
کیپشن: لاک ڈاؤن کا مقصد ہے کہ اب لاپرواہی سے کیسز کی تعداد پھر نہ بڑھ جائے، راجہ بشارت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے 5 اگست تک مارکیٹس اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ فیصلے کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا ایوان وزیراعلیٰ میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ کورونا کابینہ کمیٹی نے عید الاضحی پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔

انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ہم کورونا کو شکست دینے کے قریب ہیں، لاک ڈاؤن کا مقصد ہے کہ اب لاپرواہی سے کیسز کی تعداد پھر نہ بڑھ جائے، لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹورز، گروسری سٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے رہیں گے۔

اجلاس میں مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کروانے پر وزیر قانون پنجاب نے برہمی کا اظہار کیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ عید کے بعد این سی او سی کے اجلاس میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کھولنے کی سفارش جائے گی۔

وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اگلے بدھ تک مارکیٹیوں میں سخت لاک ڈاون رہے گا اور آج رات سے فیصلے کا اطلاق ہوگا، عید الفطر والے ایس او پیز کا عیدالضحی پر بھی نفاذ ہو گا۔ مویشی منڈیوں میں سخت قسم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا، تھیٹر، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات کھولنے کے لئے محرم کے بعد معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 289 ہوگئی، مہلک وائرس نے مزید 20 افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی۔