Get Alerts

صحافیوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے: عطا اللہ تارڑ

صحافیوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کی فلاح، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کی نئی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب وفاقی دارالحکومت کی صحافتی برادری کا ایک اہم ادارہ ہے، جبکہ ویب سائٹ کا اجرا اور ڈیجیٹل نظام کی جانب پیش رفت خوش آئند اقدام ہے۔

وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل پریس کلب میں جدید ڈیجیٹل لیب کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ صحافی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹی وی چینلز کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا رہی ہے، تاہم میڈیا اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے صحافیوں اور دیگر ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کریں۔

عطا اللہ تارڑ نے اعلان کیا کہ صحافیوں کی سماجی بہبود کو مزید بہتر بنانے کے لیے جلد ہی ہیلتھ کارڈز متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش رہائشی مسائل کے حل کے لیے بھی حکومت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے میڈیا تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل کانٹینٹ کی تیاری ناگزیر ہو چکی ہے، اسی لیے صحافیوں کی پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کے لیے مختصر دورانیے کے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ایک جامع پالیسی مرتب کر رہی ہے جس کا مقصد صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش مالی مشکلات کا حل نکالنا اور ملکی میڈیا شعبے کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا فروغ حکومت اور صحافتی برادری دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور باہمی تعاون ہی مضبوط اور آزاد میڈیا کی ضمانت بن سکتا ہے۔
 
 

ٹیگز: