Get Alerts

حکومتی فلم میں کام کروں تو 50 لاکھ روپے معاوضہ ملنا چاہیے: میرا

حکومتی فلم میں کام کروں تو 50 لاکھ روپے معاوضہ ملنا چاہیے: میرا

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ اگر وہ حکومت کی معاونت یا سرکاری فنڈز سے تیار ہونے والی کسی فلم میں اداکاری کریں تو ان کا معاوضہ 50 لاکھ روپے ہونا چاہیے، جبکہ اگر نقد ادائیگی ممکن نہ ہو تو اس کے بدلے انہیں ایک یا دو سنیما گھروں کی ملکیت دی جا سکتی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلمی صنعت کو دوبارہ اپنے عروج پر لانے کے لیے صرف فلمیں بنانا کافی نہیں بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری، جدید سہولتوں کی فراہمی اور سنیما گھروں کی تعداد میں اضافہ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط فلمی صنعت کے لیے ضروری ہے کہ فلموں کی تیاری کے ساتھ ساتھ ان کی نمائش کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے، کیونکہ سنیما گھر کسی بھی ملک کی فلم انڈسٹری کی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق اگر حکومت فلمی شعبے کی بحالی میں سنجیدہ ہے تو اسے ایسے منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے جو فلم سازوں کے ساتھ ساتھ سنیما انڈسٹری کو بھی فروغ دیں۔

میرا کے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض افراد نے ان کی تجاویز کو فلمی صنعت کی بہتری کے لیے مفید قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے 50 لاکھ روپے معاوضے اور سنیما گھروں کی ملکیت سے متعلق ان کے مطالبے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔
 
 

ٹیگز: