بڑی عید قریب آتے ہی شہر میں چور اور ڈاکو سر گرم

بڑی عید قریب آتے ہی شہر میں چور اور ڈاکو سر گرم
سورس: File

لاہور: عیدالضحیٰ کے قریب آتے ہی لاہور شہر میں قصائیوں کے ساتھ ساتھ چور ڈاکوؤں نے بھی چھریاں تیز کر دیں۔  پنجاب کے دارلحکومت میں ڈاکو، چور اور لٹیرے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے۔

 پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوردان شہر میں مختلف جرائم کی کل  392 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ 392 وارداتوں میں ڈکیتی کی دو، کمرشل چوری کی تین، ہاﺅس رابری کی ایک، سٹریٹ کرائم کی دو، نقب زنی کی تین، موٹرسائیکل چوری کی  84 اور چھیننے کی 9، کار چوری کی 2اور متفرق چوری کی  286 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ 

پولیس ذرائع نے بتایا  کہ راوی روڈ کے علاقے میں ڈاکو ظفر محمودکی ٹرانسپورٹ کمپنی سے 64لاکھ روپے چھین کر مزاحمت پر چوکیدار گل محمد کو فائر مار کر فرار ہوگئے جبکہ کاہنہ کے علاقے میں چور تالے توڑ کر موسیٰ سعید زیدی کے گھر سے 75لاکھ 35ہزار مالیت کے طلائی زیور ات،نقدی اور دیگر سامان لے اڑے۔

دوسری جانب مناواں کے علاقے میں چور تالے توڑ کر عمران نامی شخص کے گھر سے 34لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان لے اڑے، ڈیفنس اے کے علاقے میں چور تالے توڑ کر عمیر امین کے گھر سے 17لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان اور مصطفی ٹاٸؤن کے علاقے میں ایک خاتون سمیت پانچ ڈاکو انصر علی کے گھر سے 30تولے سونا، چار ہزار آسٹریلن ڈالر اور 8 رولیکس گھر سے لوٹ کر فرار ہو گئے۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمات درج کر کے اپنی جان چھڑوا لی،   چوروں سے اب تک ایک بھی چیز برامد نہیں ہو سکی اور نہ ہی کوئی چور، ڈاکو گرفتار ہوا ہے۔

مصنف کے بارے میں