واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فیک نیوز پھیلانے والے میڈیا ہاؤسز پر سخت تنقید کی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے سی این این اور نیو یارک ٹائمز کے رپورٹرز کو جعلی خبریں پھیلانے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان رپورٹرز کو برطرف کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ بدنیت اور خطرناک عزائم رکھنے والے افراد ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ صحافت کے نام پر گمراہ کن پراپیگنڈا ناقابل قبول ہے اور میڈیا عوام میں اشتعال اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی طیاروں نے ایران میں اہداف کو مکمل طور پر تباہ کیا ہے اور امریکا غیر قانونی تارکین وطن کو ملک سے باہر نکال رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہر سال 10 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کیا جائے گا اور ان میں بڑی تعداد جرائم پیشہ افراد کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بائیڈن کے دور میں 11 ہزار سے زائد قاتل امریکا میں داخل ہوئے ہیں۔
صدر نے اس موقع پر کہا کہ "بگ بیوٹی فل بل" کے ذریعے امریکی معیشت میں بہتری لائیں گے اور ٹیرف کے ذریعے امریکا کی معیشت کو کئی ٹریلین ڈالر کے نقصان سے بچایا ہے۔ انہوں نے چین اور یورپی یونین کے ساتھ ٹیرف کے معاملے پر بات چیت جاری رکھنے کی بھی تصدیق کی۔