اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری میں اہم کردار ادا کرنے پر تمام اتحادی جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں۔
یہ بات وزیراعظم نے قومی اسمبلی و سینیٹ کے ارکان سے ملاقات میں کہی، جو بجٹ 2025 کی منظوری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ اور دیگر ارکان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام دوست بجٹ بنانے کے لیے معاشی ٹیم نے شب و روز محنت کی، اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے ایسا بجٹ تیار کیا گیا جو عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔ "یہ اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کی ضمانت بنے گا"، ان کا کہنا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بھارتی بلاجواز جارحیت پر اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو شاندار فتح سے نوازا۔ "ہماری افواج، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور میڈیا سب نے یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا"، انہوں نے کہا۔
انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے سفارتی وفد کی کوششوں کو بھی سراہا، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ وزیراعظم کے مطابق وفد کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں نے بھی ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران سے پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایرانی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی قیادت سے مکمل رابطہ رہا، اور امید ظاہر کی کہ اسرائیل-ایران تنازع کے پرامن حل سے خطے میں امن اور خوشحالی کا راستہ کھلے گا۔