Get Alerts

پنجاب کا تاریخی ٹیکس فری بجٹ، ایران کی حمایت قابل فخر اقدام ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال

پنجاب کا تاریخی ٹیکس فری بجٹ، ایران کی حمایت قابل فخر اقدام ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا 5,335 ارب روپے کا بجٹ بغیر کسی نئے ٹیکس کے پیش کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے، جو صوبائی حکومت کی مالی حکمت عملی اور نظم و ضبط کا مظہر ہے۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوکر نعرے بازی کی، تاہم وزیراعلیٰ نے پراعتماد انداز میں اپنی تقریر جاری رکھی۔

مریم نواز نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا، جو پاکستانی قوم کے جذبۂ اخوت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ریاست ہے جو امن کے اصولوں پر کاربند ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قرضوں کے بوجھ کو ختم کرتے ہوئے 30 سال سے واجب الادا قرض کو "صفر" کر دیا ہے، جب کہ وزارتِ معدنیات میں انقلابی اصلاحات کے ذریعے 30 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے سب سے بڑے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دے کر ریونیو میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے اپنی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صرف اعلانات پر انحصار نہیں کیا بلکہ عملی اقدامات سے عوامی مسائل کے حل کو ممکن بنایا۔ انہوں نے وزیراعظم، افواج پاکستان، سپیکر پنجاب اسمبلی اور عوام کو تاریخی بجٹ کی منظوری پر مبارکباد بھی دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہر شہر و گاؤں کے لیے بلا تفریق کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نام پر کئی حکومتیں بنی اور گرائی گئیں، لیکن ہماری حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں اور عوام کو ان کے حقوق ان کی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے، جیسے ماں اپنے بچوں میں تفریق نہیں کرتی۔ انہوں نے صوبے بھر میں اقلیتوں اور کسانوں کو کارڈز فراہم کرنے پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعلیٰ نے وزارت معدنیات میں کیے گئے انقلابی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اعلانات نہیں بلکہ عملی کام کیے ہیں۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے سب سے بڑا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گا، جو کل سے عملی طور پر شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا 5335 ارب روپے کا منظم بجٹ دیا گیا ہے جس میں ایک بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، اور سرکاری اخراجات میں صرف 3 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں تنخواہوں اور پنشن کا اضافہ شامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے صحت کے شعبے میں بڑے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں دنیا کے بہترین ڈاکٹر موجود ہیں، اور صوبے کا پہلا سرکاری ڈائیگناسٹک سنٹر جلد شروع کیا جائے گا جس میں جدید ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور دیگر مشینری ہوگی۔ اس کے علاوہ، ایئر ایمبولینس کے ذریعے اب تک 173 افراد کی جان بچائی جاچکی ہے اور چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ کے تحت 5 ہزار بچوں کی مفت سرجری ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے قریب ہے اور اپوزیشن بھی جانتی ہے کہ وہ جو کہتی ہیں، کرتی ہیں۔ آئی ایم ایف کے ہدف کو پورا کرنا آسان نہیں تھا لیکن پنجاب نے اپنی آئینی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے روٹی کی قیمتوں میں مزید کمی لائی جائے گی اور ظلم و زیادتی کے نظام کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا سب سے زیادہ فوکس صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ہے، جس کے لیے 82 ارب روپے صحت اور ڈیڑھ ارب روپے تعلیم کے لیے رکھے گئے ہیں۔

ٹیگز: