پشاور: خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے ممکنہ پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں میں پانی کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی برقرار رکھنے، مقامی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ عملے کو تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔