جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا فیصلہ ہمارے بیانئے کی جیت ہے: مریم نواز

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا فیصلہ ہمارے بیانئے کی جیت ہے: مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانئے کی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہو گا؟
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدراور چیف آرگنائزرمریم نواز شریف کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں نوازشریف کے خلاف غیر منصفانہ اور انتقامی فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے سمیت دیگر اہم فیصلے کئے گئے۔ 
اجلاس کے شرکاءنے اس بات پر اتفاق کیا کہ کسی رعایت کے بغیر سچ قوم کو بتایا جائے، کرداروں اور ان کے کرتوت سامنے لائے جائیں، شرکا نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے، اجلاس میں پارٹی موقف اور بیانئے کا بھی جائزہ لیا گیا اور پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق عوام تک پہنچانے پرغور کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانئے کی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟ 
ان کا کہنا تھا کہ ٹیریان، فارن فنڈنگ اورتوشہ خانہ مقدمات میں عمران خان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا، اگر انصاف موجود ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ان کے پیش نظر اب تک انصاف کے ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہیے تھے۔ 

مصنف کے بارے میں