اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز اور عالمی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بھاری تجویز مسترد کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پیٹرول پر 95 روپے اور ڈیزل پر 203 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی جسے عوامی مفاد میں مسترد کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے حکومت رواں ہفتے 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی۔
عوام کو پیٹرول 322 روپے اور ڈیزل 335 روپے فی لٹر پر فراہم کیا جاتا رہے گا۔وزیراعظم نے پاکستان کو عالمی سطح پر امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو اہم محاذوں پر متحرک ہے۔ پاکستان خطے کو تباہ کن جنگی اثرات سے بچانے کے لیے ثالثی کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
عالم اسلام کی یکجہتی کے لیے پاکستان اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔دنیا کی بڑی معیشتیں اس وقت خاموش تصویر بنی ہوئی ہیں اور بحران کا شکار ہیں، لیکن پاکستان اللہ کے فضل سے ان چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔ شہباز شریف نے حکومتی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سفارتی اور سیاسی مفاہمت کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملکی استحکام اور دفاعی محاذ پر اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت تمام تر مشکلات کے باوجود عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں رہے گی۔