قومی اسمبلی اجلاس، وزیر خزانہ نے مہنگائی پر تحریری جواب دیدیا

قومی اسمبلی اجلاس، وزیر خزانہ نے مہنگائی پر تحریری جواب دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہنگائی پر تحریری جواب دیدیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2021ءمیں کورونا وائرس کے دوران طلب اور رسد میں فرق کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی بڑھی۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی وجہ سے ایران میں 49.5 فیصد جبکہ ترکی میں 17.1 فیصد مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں مالی سال 19-2018ءمیں مہنگائی کی شرح 6.8 فیصد تھی اور مالی سال 20-2019ءمیں یہ شرح 10.7 فیصد رہی جبکہ رواں سال جولائی سے اپریل تک مہنگائی کی شرح 8.6 فیصد رہی۔
تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ پام آئل کی قیمت اپریل 2021 میں 609 ڈالرز سے بڑھ کر 1075 ایم ٹی ڈالر ہو گئی جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں 76.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شوکت ترین نے کہا کہ اپریل2021ءمیں عالمی منڈی میں سویابین کی قیمت میں 168 فیصد اور خام تیل کی قیمت میں 168 فیصد اضافہ ہوا جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں چائے کی قیمت میں 12.3 فیصد اضافہ ہوا۔
 تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں45 فیصد اضافہ ہوا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں27 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پاکستان میں آٹے کی قیمت میں 28 فیصد بڑھی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 56 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پاکستان میں ریفائن چینی کی قیمت میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔