پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن جاری

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن جاری
سورس: File

لاہور: لاہور سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رواں برس کی پہلی حج پرواز 327 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔ ہفتہ 27 مئی کی صبح تک 33 پروازوں کے ذریعے 9 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے  کے مطابق  لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 743 کے ذریعے 327 عازمین حج مدینہ منورہ  کے لئے روانہ ہوئے۔ لاہور ائر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی ، جنرل مینیجر پسنجر ہینڈلنگ سید ذوالقرنین مہدی ، ڈسٹرکٹ مینیجر ظہیر الدین، سٹیشن مینجر علی عباس شاہ اور سینئر آفیشلز نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

 ترجمان پی آئی اے کے مطابق حکومت پاکستان اور وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے ملک بھر کے ائر پورٹس پرخصوصی انتظامات کئے گئے۔ 

ترجمان پی آئی اے نے کہ ہے کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں پی آئی اے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔ خصوصی حج ٹیمیں پاکستان اور سعودی عرب میں حجاج کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔  لاہور سے 41 خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے گیارہ ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔

 پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 22 جون کو مکمل ہو گا جبکہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن سعودی عرب سے حجاج کو واپس لانے کے لیے 2 جولائی سے شروع ہو کر 2 اگست 2023 کو اختتام پذیر ہو گا۔

مصنف کے بارے میں