لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ فریم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے مجموعی طور پر 2000 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے پیش کیے گئے۔ تاہم پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے 1100 سے 1200 ارب روپے کے درمیان ترقیاتی بجٹ کا فریم تجویز کیا ہے۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکموں کی سفارشات اور پیش کردہ سکیموں میں ضروری ترامیم اور کٹوتیوں کے بعد ترقیاتی بجٹ کو 1000 سے 1100 ارب روپے کے دائرے میں محدود کیا جائے گا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار رواں مالی سال کے دوران 724 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ سال کے اختتام تک 900 ارب روپے کے بجٹ کے استعمال کا ہدف مقرر ہے۔
اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب سمیت نو اہم محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی اور اپنے محکموں کی ترجیحات، جاری منصوبوں اور بجٹ سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، زراعت، آبپاشی اور ماحولیات کے شعبے نمایاں رہے۔