Get Alerts

پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آکر بات کریں : ’’کچھ دو، کچھ لو‘‘   کے اصول پر علیمہ خان کی مذاکرات کی دوبارہ پیشکش

پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آکر بات کریں : ’’کچھ دو، کچھ لو‘‘   کے اصول پر علیمہ خان کی مذاکرات کی دوبارہ پیشکش

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ایک بار پھر حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آ کر بات کریں، چھپ چھپ کر بات نہیں ہوگی‘‘۔

اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان بات چیت کے لیے تیار ہیں، حتیٰ کہ ’’کچھ دو، کچھ لو‘‘ کے اصول پر بھی آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارے بھائی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟ بتائیں کہ وہ کیا چھوڑ دیں کہ آپ انہیں رہا کر دیں؟"

علیمہ خان نے حکومت کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں، چھپ کر یا پردے کے پیچھے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں‘‘۔انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کے حالیہ بیان پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اگر ان کے پاس کوئی خوشخبری ہے کہ عمران خان 5 تاریخ کو رہا ہوں گے، تو عوام کو بھی آگاہ کیا جائے۔
علیمہ خان کے مطابق پارٹی نے ملک گیر احتجاجی تحریک کی تیاری شروع کر دی ہے، تاہم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی کو اسلام آباد نہ بلایا جائے، کیونکہ ’’یہاں سنائپرز بٹھائے جاتے ہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ سب پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور پارٹی صرف ایک نظریے کا نام ہے۔

ٹیگز: