Get Alerts

کے پی سینٹر آف ایکسیلینس کا یونیورسٹی آف سوات میں قومی یکجہتی،سماجی ہم آہنگی اوراے پی ایس خضدار حملے کے خلاف سیمینار اور واک کا انعقاد

 کے پی سینٹر آف ایکسیلینس کا یونیورسٹی آف سوات میں قومی یکجہتی،سماجی ہم آہنگی اوراے پی ایس خضدار حملے کے خلاف سیمینار اور واک کا انعقاد

سوات: خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس کے زیر اہتمام اور یونیورسٹی آف سوات کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور اے پی ایس خضدار بس حملے کی شدید مذمت کرنا تھا۔

تقریب میں طلباء، اساتذہ، محققین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ مقررین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ رجحانات کے تدارک کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں برداشت، مکالمہ اور امن کا پیغام عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سیمینار کے شرکاء نے خضدار میں اے پی ایس بس حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین نے "فتنۂ خوارج" اور "فتنۂ ہندوستان" جیسے دہشت گرد نظریات کے خلاف ریاستی سطح پر سخت اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کیا۔

تقریب کا اختتام یکجہتی واک سے ہوا، جس میں شریک افراد نے بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے قیامِ امن، دہشت گردی کے خاتمے اور قومی وحدت کے حق میں آواز بلند کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو عدم برداشت اور نفرت کی سیاست سے پاک کرنے کے لیے ہر سطح پر کام کیا جائے گا۔

ٹیگز: