نیویارک :نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی بحالی اور جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی و مذاکراتی کوششوں پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ ساتھ، دیرینہ تنازعِ جموں و کشمیر، فلسطین کی تشویشناک صورتحال اور افغانستان کے امور پر پاکستان کا اصولی موقف واشگاف انداز میں پیش کیا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سیکیورٹی کے قیام کے لیے پاکستان کی فعال شمولیت اور تعمیری خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔