Get Alerts

وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز پر فائرنگ، دو اہلکار زخمی

وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز پر فائرنگ، دو اہلکار زخمی

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق، فائرنگ کے بعد فوری طور پر وائٹ ہاؤس کو بند کر دیا گیا اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ایمرجنسی سروسز اور سیکیورٹی اہلکاروں نے فوراً کارروائی کی اور ایک مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔ حکام نے مشتبہ شخص کی شناخت 29 سالہ افغان شہری، رحمان اللہ لکنوال کے طور پر کی ہے، جو 2021 میں امریکا آیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کو واقعے کی فوری بریفنگ دے دی گئی ہے اور وہ لمحہ بہ لمحہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی بھی مختلف ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس واقعے سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آور کو "جانور" قرار دیا اور کہا کہ نیشنل گارڈز پر حملہ کرنے والا بھاری قیمت چکائے گا۔ انہوں نے اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نفرت اور برائی کی علامت ہے۔

اس واقعے کے بعد واشنگٹن کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کو عارضی طور پر روکا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں بعد معمول کی پروازیں بحال کر دی گئیں۔

پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ امریکی حکام نے اس حملے کو دہشت گردی کا ایک سنگین واقعہ قرار دیا ہے اور اس پر فوری ردعمل ظاہر کیا ہے۔

ٹیگز: