Get Alerts

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے وائس موڈ میں اہم تبدیلی کردی

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے وائس موڈ میں اہم تبدیلی کردی

کیلیفورنیا : اوپن اے آئی نے اپنے صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی میں ایک اہم اور کارگر تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے وائس موڈ کے کام کرنے کے طریقہ کار میں ترمیم کی ہے تاکہ صارفین کو بہتر اور مزید سہولت مل سکے۔ اس نئی تبدیلی کے تحت، چیٹ جی پی ٹی کے ویب ورژن اور موبائل ایپس میں وائس چیٹ اب کسی بھی چیٹ کے اندر براہِ راست استعمال کی جا سکے گی، جو کہ پہلے ممکن نہیں تھا۔

اب تک وائس چیٹ کے لیے ایک الگ انٹرفیس کی ضرورت ہوتی تھی، مگر اس تبدیلی کے بعد صارفین کسی بھی چیٹ کے ٹیکسٹ فیلڈ میں موجود ویو فارم آئیکون پر کلک کر کے وائس موڈ شروع کر سکتے ہیں۔ یہ تبدیلی چیٹ کی روانی میں خلل نہیں ڈالے گی اور آپ اپنی گفتگو کے دوران آڈیو کے ذریعے سوالات پوچھنے یا جوابات حاصل کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اوپن اے آئی نے یہ بھی بتایا کہ اگر صارفین کو پرانا وائس انٹرفیس پسند ہے، تو وہ سیٹنگز میں جا کر وائس موڈ سیکشن میں "Separate mode" کو فعال کر سکتے ہیں۔

یہ فیچر، جو پہلے صرف گوگل کی جانب سے "جیمینائی لائیو" میں دیکھا گیا تھا، اب چیٹ جی پی ٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اگرچہ چیٹ جی پی ٹی کا وائس موڈ گوگل کے فیچر جتنا جدید نہیں، مگر اس سے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال میں بہتری آئے گی اور صارفین کی تجربے میں اضافہ ہوگا۔

ٹیگز: